بھٹکل :30؍دسمبر(ایس اؤ نیوز ) بھٹکل بی ای اؤ دفتر اور ہائی اسکول صدرمدرس سنگھ کے اشتراک سے تعلقہ کے ایس ایس ایل سی طلبا کے لئے دوسرا تربیتی ورکشاپ 30دسمبر 2023بروز سنیچر کو ودیا بھارتی ہائی اسکول میں منعقد ہوا۔
ریاستی حقوق کمیشن برائے اطفال کے رکن ڈاکٹر کے ٹی تپے سوامی نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد خطاب کرتےہوئے انہوں نےکہاکہ طلبا کو چاہئے کہ وہ مسلسل محنت کرتے رہیں ، لگاتار پڑھائی کرنے سے ہی کامیابی حاصل ہوتی ہے۔
مقامی تحصیلدار تپے سوامی تعلقہ پنچایت افسر پربھاکر چکنمنے ، بی ای اؤ موگیر وی ڈی نے بھی طلبا سے خطاب کرتےہوئے تعلیم اور مطالعہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ورکشاپ میں دکشن کنڑا کے بیلی نیلے رام کونجیشور پی یوکالج کے ستیش بھٹ نےایس ایس ایل سی طلبا کی رہنمائی کرتے ہوئے امتحان میں زیادہ نمبرات حاصل کرنے کے طریقے بتائیے۔ اسی طرح اپنی توجہ کا ارتکاز، یادداشت کی قوت میں کیسے اضافہ کریں بتایا۔ مشکل مضامین کو کس طرح یاد کرنا ہے اس کی آسان مشق کیا ہے، اس پر مفصل روشنی ڈالی اور مضامین کو یاد رکھنے کے گر بتائے۔ ورکشاپ میں علاقائی وسائل افسر پورنیما موگیر، کمٹہ ڈئیٹ کے لکچرر سنتوش شریشٹی، تعلیمی منتظم گیتا نائک، اشوک آچاری، ودیا بھارتی کی صدر مدرسہ روپا کھاروی موجود تھیں۔ ورکشاپ میں بھٹکل تعلقہ کے قریب تین سو سے زائد طلبا و طالبات نے استفادہ کیا۔
